پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ جوڈیشل ریمانڈ پر ڈسٹرکٹ جیل جہلم منتقل

جہلم: عالیہ حمزہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر ڈسٹرکٹ جیل جہلم منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما عالیہ حمزہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر ڈسٹرکٹ جیل جہلم منتقل کر دیا گیا ہے۔
جیل ذرائع کے مطابق عالیہ حمزہ کو ہفتے کے روز اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جہاں سے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دیا گیا۔
تاہم اڈیالہ جیل انتظامیہ نے خواتین بیرک میں قیدیوں کی گنجائش مکمل ہونے کی وجہ سے عالیہ حمزہ کو رکھنے سے معذرت کر لی، جس کے بعد انہیں ڈسٹرکٹ جیل جہلم منتقل کر دیا گیا۔
جیل ذرائع کے مطابق عالیہ حمزہ کو جہلم جیل میں ضابطہ کے مطابق خواتین بیرک میں منتقل کیا گیا ہے، جہاں ان کی سیکیورٹی اور دیگر ضروری سہولیات کا خیال رکھا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ عالیہ حمزہ کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ ایئرپورٹ میں مقدمہ درج ہے، جبکہ انہیں گزشتہ روز پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ عالیہ حمزہ پاکستان تحریک انصاف کی متحرک اور سرگرم رہنماؤں میں شمار ہوتی ہیں اور ان کی گرفتاری پر پارٹی قیادت کی جانب سے تشویش کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔



