جہلم سمیت پنجاب بھر میں ویپ کی خریدو فروخت پر پابندی کا فیصلہ

جہلم: پنجاب حکومت نے نوجوان نسل کو ویپنگ کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے صوبے بھر میں ویپنگ مصنوعات کی خرید و فروخت اور ویپنگ سینٹرز کے قیام پر سخت پابندی عائد کر دی ہے۔ اس ضمن میں پنجاب کابینہ نے باقاعدہ منظوری دیتے ہوئے ویپنگ سینٹرز کو فوری طور پر بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کو احکامات جاری کر دیے گئے ہیں کہ جہلم سمیت تمام اضلاع میں ویپنگ سینٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے اور قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ ویپنگ کا بڑھتا ہوا رجحان نوجوان نسل کو جسمانی اور ذہنی صحت کے مسائل میں مبتلا کر رہا ہے، جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ "ہم اپنی نسل کو محفوظ مستقبل دینا چاہتے ہیں، اور اس کے لیے ویپنگ جیسی مضر عادتوں کا خاتمہ ضروری ہے۔”

ضلعی انتظامیہ جہلم کی جانب سے ویپنگ سینٹرز کی فہرست تیار کی جا رہی ہے اور متعلقہ ٹیموں کو فوری چھاپہ مار کارروائیوں کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

Exit mobile version