سوہاوہ: ڈومیلی کی یونین کونسل ججیال کے گاؤں مدن میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے مقامی آبادی کو شدید خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا ہے۔
اہلِ علاقہ کے مطابق گزشتہ چند دنوں کے دوران آوارہ کتوں کے کاٹنے سے کم از کم چھ بکریاں ہلاک ہو چکی ہیں جبکہ متعدد مویشی زخمی ہو چکے ہیں۔
مقامی افراد نے بتایا کہ یہ آوارہ کتے روزانہ شام اور رات کے اوقات میں گھروں کے آس پاس منڈلاتے ہیں، جس کی وجہ سے نہ صرف معاشی نقصان ہو رہا ہے بلکہ بچوں اور خواتین کا گھروں سے باہر نکلنا بھی محفوظ نہیں رہا۔ بعض شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ گرمی کی شدت کے باعث یہ کتے باولے (ریبیس زدہ) بھی ہو سکتے ہیں، جو کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔
علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم اور اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ متعلقہ بلدیاتی یا ویٹرنری ٹیموں کو فوری طور پر بھیجا جائے تاکہ ان آوارہ کتوں کو تلف کر کے علاقہ مکینوں کو سکھ کا سانس لینے کا موقع دیا جا سکے۔
مقامی رہائشیوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت ایکشن نہ لیا گیا تو مستقبل میں مزید نقصان یا انسانی جانوں کے ضیاع کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ وہ جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔
