بیوٹیفیکیشن اور پارکنگ مسائل کے حل کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا بازاروں کا دورہ، تاجروں سے مشاورت

14
جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شگفتہ جبیں نے اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبدالسمیع شیخ اور وائس چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی راجہ کامران حیات کے ہمراہ جہلم بازار کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کا مقصد شہر کی بیوٹیفیکیشن، پارکنگ کے مسائل کے حل اور تاجر برادری کو درپیش مسائل کا جائزہ لینا تھا۔ دورے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شگفتہ جبیں اور اسسٹنٹ کمشنر عبدالسمیع شیخ نے تاجروں سے ملاقات کی اور شہر کی خوبصورتی، پارکنگ کے مؤثر انتظام اور بازاروں میں سہولیات کی بہتری سے متعلق مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ عملے کو تجاوزات کے خاتمے کی فوری ہدایت جاری کی تاکہ خریداروں اور شہریوں کو آمد و رفت میں سہولت میسر آ سکے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تاجر برادری کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
انتظامی ٹیم نے بازار میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شگفتہ جبیں نے ہدایت کی کہ بازاروں میں صفائی، نظم و ضبط اور دیگر انتظامات کی بہتری کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مؤثر اقدامات کیے جائیں، تاکہ بیوٹیفیکیشن پلان کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچ سکیں۔
وائس چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی راجہ کامران حیات نے اس موقع پر تاجروں کے مفاد میں کیے جانے والے انتظامی اقدامات کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے واضح کیا کہ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر شہر کی مجموعی ترقی، بہتر شہری سہولیات اور تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لیے تمام ضلعی افسران فیلڈ میں متحرک ہیں اور یہ عمل آئندہ بھی جاری رہے گا۔



