سوہاوہ: مسلم ہینڈز پاکستان نے کوٹ دھمیک میں دو مزید مساجد کی تعمیر مکمل کر کے افتتاح کر دیا

سوہاوہ: مسلم ہینڈز پاکستان نے تحصیل سوہاوہ کے علاقہ کوٹ دھمیک میں دو مزید مساجد کی تعمیر مکمل کر کے افتتاح کر دیا، تقریب میں مسلم ہینڈز ایریا منیجر مرزا کامران سمیت علماء کرام اور اہل علاقہ نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق عالمی شہرت یافتہ سماجی تنظیم مسلم ہینڈز پاکستان کی طرف تحصیل سوہاوہ کے علاقہ کوٹ دھمیک میں مزید دو نئی مساجد کی تعمیر مکمل کرنے کے بعد ان کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا۔

کوٹ دھمیک کے دو مختلف علاقوں میں نزدیک ترین مساجد نہ ہونے کی وجہ سے اہل علاقہ کو نماز کی ادائیگی کے لیے دور دراز کی مساجد میں جانا پڑتا تھا ۔ اس پریشانی کو مد نظر رکھتے ہوئے مسلم ہینڈز پاکستان کے ایریا آفس گوجرخان نے چند ماہ قبل مساجد کی تعمیر کا آغاز کیا جس کی تعمیر کے تمام اخراجات مسلم ہینڈز نے ادا کیے جبکہ مسجد کے لیے زمین اہل علاقہ کی طرف سے دی گئی۔

دونوں مساجد کے افتتاح کے موقع پر محفل میلاد کا اہتمام کیا گیا جس میں علماء کرام، اہل علاقہ، صحافی برادری اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

مسجد کا افتتاح مسلم ہینڈز پاکستان کے ایریا منیجر مرزا کامران نے اہل محلہ کے ساتھ مل کر کیا۔ اہل علاقہ نے مسجد کی تعمیر پر مسلم ہینڈز پاکستان اور ان کے ڈونرز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے شہریوں کے لیے نماز اور دینی فرائض کی ادائیگی کے لیے خوبصورت مساجد کی تعمیر مکمل کی۔

یاد رہے کہ مسلم ہینڈز ان علاقوں میں مساجد کی تعمیر کر رہا ہے جہاں مسجد موجود نہیں یا آبادی سے بہت دور ہو اور اہل علاقہ مسجد کی تعمیر کی سکت نہیں رکھتے۔

Exit mobile version