جہلم میں سردی بڑھتے ہی خشک میوہ جات کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، عام آدمی کی پہنچ سے باہر

جہلم میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی خشک میوہ جات کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے ہیں۔ اوپن مارکیٹ میں خشک میوہ جات کی قیمتوں میں گزشتہ سال کی نسبت 25 سے 35 فیصد تک نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث ڈرائی فروٹ عام آدمی کی دسترس سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔

سردی کی حالیہ لہر کے پیش نظر شہر بھر میں خشک میوہ جات کے عارضی سٹالز سج چکے ہیں، تاہم قیمتوں میں غیر معمولی اضافے نے خریداروں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جہاں سردی میں خشک میوہ جات کا استعمال صحت کے لیے ضروری سمجھا جاتا ہے، وہیں مہنگائی کے باعث متوسط اور غریب طبقہ انہیں خریدنے سے قاصر نظر آتا ہے۔

مارکیٹ میں فروخت ہونے والے خشک میوہ جات کی قیمتوں کے مطابق چلغوزہ 14 سے 15 ہزار روپے فی کلو، مونگ پھلی 900 سے ایک ہزار روپے فی کلو، بادام ایک ہزار روپے فی کلو، دیسی بادام 2400 روپے فی کلو، اخروٹ ثابت ایک ہزار روپے فی کلو، گڑ 250 روپے فی کلو، خوبانی 1000 سے 1200 روپے فی کلو، افغانی انجیر 3000 روپے فی کلو جبکہ کاجو 4000 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے، جس کا کوئی جواز نظر نہیں آتا۔ عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ خشک میوہ جات کی قیمتوں کا نوٹس لیا جائے اور منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو سردی کے موسم میں کچھ ریلیف مل سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button