جہلم میں شدید گرمی کی لہر، درجہ حرارت 46 ڈگری تک جا پہنچا

جہلم سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے، درجہ حرارت معمول سے کئی ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

جہلم شہر میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث گلی، محلے اور بازار سنسان دکھائی دیے، اور شہر پر ہو کا عالم طاری رہا۔ پنجاب کے کئی شہروں میں سورج نے گویا آگ برسانا شروع کر دی ہے، جس سے روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز میں موسم کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے اور ہیٹ ویو کی سنگین صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے شہریوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز، زیادہ پانی پینے، اور دھوپ میں احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی اور میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب سندھ کے علاقے دادو اور بلوچستان کے شہر تربت میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو رواں سال کا بلند ترین درجہ حرارت قرار دیا جا رہا ہے۔

اسی طرح ڈیرہ غازی خان میں پارہ 47 ڈگری، جبکہ بھکر، بہاول نگر، رحیم یار خان اور نوکنڈی میں بھی درجہ حرارت 46 ڈگری تک پہنچ چکا ہے۔

شہری حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہیٹ ویو ایمرجنسی کے تحت اسپتالوں میں خصوصی انتظامات کیے جائیں اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو شدید موسم کے اثرات سے بچایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button