جہلم ایلیٹ فورس کے شہید جوانوں کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا، آئی جی پنجاب کا اظہار افسوس

جہلم: لاہور میں خصوصی ڈیوٹی کی ادائیگی کے لیے روانہ ہونے والے جہلم ایلیٹ فورس کے جوانوں کی گاڑی کو مریدکے کے قریب موٹروے پر پیش آنے والے حادثے میں شہید ہونے والے دو پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز جہلم میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی۔ نمازِ جنازہ میں اعلیٰ فوجی و سول حکام، پولیس افسران، علمائے کرام، سماجی و کاروباری شخصیات، شہداء کے اہلِ خانہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

حادثے میں شہید ہونے والوں میں ڈرائیور کانسٹیبل اصغر علی اور ایلیٹ کانسٹیبل نوید افضل شامل ہیں، جبکہ چار پولیس اہلکار شدید زخمی ہوئے۔ ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ایلیٹ فورس کے جوان لاہور میں خصوصی ڈیوٹی کی ادائیگی کے لیے جا رہے تھے کہ مریدکے کے قریب موٹروے پر قرشی انٹرچینج کے نزدیک گاڑی کا ٹائر پھٹنے کے باعث حادثہ پیش آیا۔ حادثے کے بعد شہداء اور زخمی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ زخمی جوانوں کو لاہور کے میو ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

شہداء کی نمازِ جنازہ میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری، سینئر آرمی افسران، سینئر سول جج جہلم قدیر حسین بٹ، ایس ایس پی آر آئی بی چوہدری شعیب عقیل، ایس پی انویسٹی گیشن محمد سکندر گوندل، سی سی ڈی، موٹروے پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرول کے ضلعی افسران، ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز، پولیس افسران و اہلکاران، ممبران ضلعی امن کمیٹی، علمائے کرام، تاجر برادری کے نمائندگان اور معززینِ علاقہ نے شرکت کی۔

اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی، جبکہ ڈپٹی کمشنر جہلم، ڈی پی او جہلم اور دیگر اعلیٰ حکام نے شہداء کے تابوتوں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ نمازِ جنازہ کے بعد شہداء کی مغفرت، بلندیِ درجات اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی خصوصی دعا کی گئی۔ بعد ازاں شہداء کے جسدِ خاکی پورے پولیس اعزاز کے ساتھ تدفین کے لیے ان کے آبائی علاقوں میں روانہ کردیے گئے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری سمیت دیگر حکام نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ جہلم پریس کلب کے صدر ڈاکٹر سہیل امتیاز خان، چیئرمین راجہ نوبہار خان، جنرل سیکرٹری مرزا قدیر بیگ، چیمبر آف کامرس کے سابق صدر حاجی زاہد حسین بٹ اور دیگر سماجی، رفاہی و کاروباری شخصیات نے بھی پولیس جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر پولیس جوان پوری پولیس فورس کا فخر ہیں۔ ان کی فرض شناسی، بہادری اور عوام کے تحفظ کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ جہلم پولیس دکھ اور غم کی اس گھڑی میں شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔

ڈی پی او جہلم نے مزید کہا کہ شہداء کے اہلِ خانہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی فلاح و بہبود اور دیکھ بھال کا بھرپور خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

دریں اثنا انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے بھی ایلیٹ فورس جہلم کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثے میں دو اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ پولیس فورس سے حادثے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ فرض کی ادائیگی کے دوران جانیں قربان کرنے والے بہادر جوان پنجاب پولیس کا فخر ہیں اور شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button