جہلم شہر سے مویشیوں کے انخلا کا حکم تاحال نظرانداز، گلی محلوں میں گندگی اور بدبو سے شہری پریشان

جہلم: اندرون شہر سے مویشیوں کے انخلا پر تاحال عملدرآمد نہ ہوسکا، گنجان آباد علاقوں کی گلی محلوں میں گندگی اور غلاظت کے ڈھیر لگ گئے، جانوروں کے گوبر کی بدبو سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

شہری حدود میں مویشی پالنا قانوناً ممنوع ہے، لیکن شہر میں درجنوں مویشیوں کے باڑے اب بھی موجود ہیں، جو متعلقہ محکموں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔ سابق ڈپٹی کمشنر نے مویشی باڑوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے، فہرستیں بھی تیار ہوئیں، تاہم چند مالکان کے علاوہ کسی نے احکامات پر عمل نہیں کیا۔

سابق ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا تھا کہ شہری حدود میں مویشی پالنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور مویشی سرکاری پھاٹک میں بند کیے جائیں گے، اس کے ساتھ چارے کی دکانیں بھی شہر سے باہر منتقل کی جائیں گی تاکہ سیوریج، نکاسی آب اور صفائی کے نظام میں بہتری لائی جاسکے۔

شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب چوہدری زاہد اختر زمان اور سیکرٹری ماحولیات سے مطالبہ کیا ہے کہ اندرون شہر قائم مویشیوں کے باڑے فوری طور پر ویران علاقوں میں منتقل کیے جائیں تاکہ نمازیوں اور طلبہ وطالبات کو پیش آنے والی مشکلات میں کمی آسکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button