جہلم: خصوصی بچوں کی سفری سہولت کے لیے القاسم انسٹیٹیوٹ کو ایک اور گاڑی کا عطیہ

جہلم: القاسم انسٹیٹیوٹ برائے خصوصی بچوں جہلم میں زیرِ تعلیم بچوں کی سفری سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے بانی ادارہ بیگم ساجدہ احمد کی جانب سے ایک اور گاڑی عطیہ کی گئی۔ اس سلسلے میں انسٹیٹیوٹ میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مہمانانِ گرامی، کونسل اراکین، خصوصی بچوں اور ان کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کے دوران بیگم ساجدہ احمد نے عطیہ کی گئی گاڑی کی چابیاں ادارے کے حوالے کیں۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے بتایا کہ 1980ء میں انہوں نے اس ادارے کے قیام کا خواب دیکھا تھا، جسے ڈاکٹر میجر (ر) یوسف مرحوم کے تعاون سے عملی شکل دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ادارے نے اب تک جو سفر طے کیا ہے، اس کے پیچھے ایک ماں کی سوچ اور ایک باپ کا جذبہ کارفرما ہے۔

تقریب سے کونسل اراکین اور دیگر مہمانانِ گرامی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے القاسم انسٹیٹیوٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے خصوصی بچوں کی تعلیم، فلاح و بہبود اور انہیں بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ادارے کی جاری کوششوں پر اظہارِ خیال کیا۔

اس موقع پر شرکاء کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔ گاڑی کے عطیے کو خصوصی بچوں کی سفری سہولیات میں بہتری اور ادارے کی خدمات کے تسلسل کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیا گیا۔

↑
Exit mobile version