سول لائنز جہلم کی تاریخی بحالی “ستھرا پنجاب” پروگرام کا شاندار عملی مظہر ہے، سرفراز ملک

جہلم: سرفراز ملک نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات اور اُن کے جاری کردہ “ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت سول لائنز جہلم کی بحالی و خوبصورتی کا منصوبہ ایک مثالی کامیابی ہے، جس نے شہر کے حسن اور سہولتوں میں بے پناہ اضافہ کیا ہے۔
جہلم کے پہلے آئلز ٹیسٹ سنٹر، منیجنگ ڈائریکٹر ایس ایل ایس کالج، چیئرمین انکریڈیبل جہلم ، جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سرفراز ملک نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نالوں کی ازسرِ نو تعمیر، گرلز کی تنصیب، غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے اور پارکنگ کے نظام کی بہتری نے سول لائنز کو یورپی معیار کا علاقہ بنا دیا ہے۔ پیدل چلنے والوں کے لیے کشادہ راستے اور سڑکوں کی منظم تزئین نے شہری سہولتوں کو نئی جہت دی ہے۔
سرفراز ملک نے مزید کہا کہ یہ تمام ترقیاتی کام “ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت ایک منظم اور طویل عمل کے بعد ممکن ہوئے، جس میں ناجائز تعمیرات کے خاتمے اور علاقے کی از سرِ نو منصوبہ بندی کو یقینی بنایا گیا۔ “یہ منصوبہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن اور عوامی خدمت کے جذبے کا مظہر ہے۔ سول لائنز جہلم کی تاریخی بحالی نہ صرف شہر کی دلکشی بڑھا رہی ہے بلکہ شہریوں کے لیے بہتر طرزِ زندگی کی ضمانت بھی ہے۔”



