رحمت کارڈ ہیلپ لائن غیر موثر، مستحق بیوگان اور یتیم رجسٹریشن سے محروم

پڑی درویزہ: وزیراعلیٰ پنجاب بیوہ رحمت کارڈ کی آن لائن رجسٹریشن تو اختتام پذیر ہو گئی، تاہم ہیلپ لائن کی غیر مؤثر کارکردگی کے باعث کئی مستحق بیوگان اور یتیم بچے مالی امداد کے حصول سے محروم رہ گئے۔
یکم مئی 2026ء سے 14 مئی 2026ء تک صوبہ پنجاب بھر میں مستحق بیوگان اور یتیم بچوں کے لیے ایک لاکھ روپے مالی امداد کے حصول کی غرض سے آن لائن رجسٹریشن جاری رہی۔
متعدد مستحق خواتین اور یتیم بچوں کے ورثا کا کہنا ہے کہ ضروری معلومات کے حصول کے لیے جب انہوں نے ہیلپ لائن 1077 پر رابطہ کرنے کی کوشش کی تو انہیں بتایا گیا کہ کال کرنے کے لیے موبائل پیکج کے بجائے الگ بیلنس ریچارج کرنا ضروری ہے۔
شکایت کنندگان کے مطابق اگر کسی صورت کال مل بھی جاتی تو نمائندے سے بات کرنے کے لیے کئی کئی منٹ انتظار کرنا پڑتا، جس کے باعث متعدد افراد بروقت رجسٹریشن مکمل نہ کر سکے۔
متاثرہ شہریوں نے وزیراعلیٰ بیوہ رحمت کارڈ کے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ رجسٹریشن مرحلے میں ہیلپ لائن 1077 کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے۔
انہوں نے تجویز دی کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے تعاون سے ہیلپ لائن کالز کو موبائل پیکجز پر ممکن بنایا جائے اور کال موصول ہوتے ہی سائلین کے مسائل فوری حل کیے جائیں تاکہ مستحق بیوگان اور یتیم بچوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



