جہلم کا تاریخی ریلوے سٹیشن تباہ حالی کا شکار، سرکاری کواٹرز میں قیمتی سامان غائب

7
جہلم کا تاریخی ریلوے سٹیشن، جو 1928ء میں برطانوی دور میں تعمیر کیا گیا تھا، اب مکمل طور پر تباہ حالی اور غفلت کی مثال بن چکا ہے۔
مقامی افراد کے مطابق ریلوے کے اعلی حکام کی مبینہ عدم توجہی کے باعث ریلوے اسٹیشن کی عمارت تقریباً 80 فیصد تباہ ہو چکی ہے۔ ساتھ ہی ریلوے کالونی کے رہائشی کواٹرز بھی خستہ حال ہیں اور انسانی استعمال کے قابل نہیں رہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کروڑوں روپے مالیت کا لوہا، گارڈر، نٹ بولٹ، اینٹیں، دروازے اور دیگر قیمتی سامان غائب ہو چکا ہے۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ عرصہ دراز سے مقامی ذمہ داران کی غیر دلچسپی اور حفاظتی نگرانی نہ ہونے کے باعث نشئی افراد اور چور اس سامان کو اونے پونے داموں کباڑیوں کو فروخت کر رہے ہیں۔ اس صورتحال سے نہ صرف تاریخی عمارت کی حفاظت متاثر ہو رہی ہے بلکہ رہائشی کواٹرز میں رہنے والے افراد بھی شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
شہریوں نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور ریلوے اسٹیشن و رہائشی کواٹرز کی بحالی و تحفظ کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔



