ریسکیو 1122 جہلم کی ماہ نومبر کی کارکردگی رپورٹ جاری، 2789 افراد کو ریسکیو کیا گیا

5
جہلم: ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 جہلم انجینئر سعید احمد کی سربراہی میں ریسکیو 1122 کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ماہ نومبر 2025 میں ریسکیو 1122 نے مجموعی طور پر 2789 افراد کو ریسکیو کیا، جن میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد 1420 مریضوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو 1122 کی ہیلپ لائن پر ماہ نومبر میں 10,623 کالز موصول ہوئیں، جن میں سے 2,795 کالز ایمرجنسی نوعیت کی تھیں۔ ان ایمرجنسیز میں 498 روڈ ٹریفک حادثات شامل تھے، جن میں 585 افراد زخمی اور 7 افراد جاں بحق ہوئے۔ دیگر ایمرجنسیز میں 1,910 میڈیکل کیسز، 32 آگ لگنے کے واقعات، 29 کرائم سے متعلقہ ایمرجنسیز اور 326 متفرق ایمرجنسیز شامل تھیں۔
ریسکیو 1122 نے ایوریج رسپانس ٹائم 7 اعشاریہ 7 منٹ برقرار رکھا، جو بروقت امداد کی روایت کو مضبوط کرتا ہے۔ علاوہ ازیں، کمیونٹی سیفٹی پروگرام کے تحت ضلع جہلم میں مختلف اداروں میں فرسٹ ایڈ اور فائر سیفٹی کی تربیت دی گئی، یونین کونسل سطح پر کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں تشکیل دی گئی اور سکاؤٹس کے لیے CADRE ٹریننگ کا بھی انعقاد کیا گیا۔
پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے تحت ضلع جہلم سے کل 98 مریضوں کو راولپنڈی، اسلام آباد اور سرگودھا کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا تاکہ انہیں بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد نے ریسکیورز کی کارکردگی کو حوصلہ افزاء قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 کی ٹیم ہر وقت آفات اور ناگہانی حالات سے نبردآزما ہونے کے لیے تیار ہے اور شہریوں کو بہترین سروس فراہم کرنے میں مصروف عمل ہے۔



