پنجاب حکومت کا ستھرا پنجاب پروگرام کیلئے یونین کونسلز کو لوڈر رکشے فراہم کرنے کاحتمی فیصلہ

جہلم: پنجاب حکومت نے ستھرا پنجاب پروگرام کیلئے یونین کونسلز کو لوڈر رکشے فراہم کرنے کاحتمی فیصلہ کرلیا۔

فیصلہ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت کمشنرز،ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کے دوران کیا گیا۔

اجلاس میں روٹی کی قیمت میں کمی پر عملدرآمد،ستھرا پنجاب پروگرام اور گورننس کی بہتری کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری صنعت، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ سیکرٹری بلدیات،تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،پروگرام کا مقصد شہروں کی طرز پر دیہی علاقوں میں سہولیات کی فراہمی ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔

چیف سیکرٹری نے روٹی کی کم قیمت پر فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ، انہوں نے کہا کہ و زیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق انتظامی افسران کی کارکردگی کا روزانہ کی بنیاد پرجائزہ لیا جائے گا اورکارکردگی کے لحاظ سے اضلاع کی درجہ بندی کی جائے گی۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ آوارہ کتے انسانی جانوں کیلئے خطرہ بن چکے ہیں،ڈپٹی کمشنرز آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات کی روک تھام کیلئے لائحہ عمل مرتب کر یں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ جہلم سمیت پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں اینٹی ریبیز ویکسیئن کی دستیابی یقینی بنا ئی جائے۔

اس موقع پر محکمہ صنعت اور بلدیات کے حکام نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ روٹی کی قیمتوں کی کڑی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ روٹی کی قیمت سے متعلق 7312 شکایات میں سے 5917 کا ازالہ کر دیا گیا ہے۔

Exit mobile version