پنڈدادنخان پاسپورٹ آفس میں بدانتظامی اور رشوت ستانی کا سلسلہ جاری، شہری پریشان

پنڈدادنخان پاسپورٹ آفس میں بدانتظامی اور بے ضابطگیوں کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ہے، جہاں رشوت ستانی کا بازار گرم ہے اور شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک معمول بن چکا ہے۔ حکام کی غفلت یا بے حسی کے باعث شہری ذہنی اذیت کا شکار ہو رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے پاسپورٹ آفس میں شہریوں کو غیر ضروری طور پر خوار کیا جا رہا ہے اور معمولی کام کے لیے بھی کئی کئی چکر لگوائے جاتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ عملہ جائز کام کے عوض بھی رشوت طلب کرتا ہے اور اضافی پیسے لے کر بھی مسائل حل نہیں کیے جاتے۔
شہریوں نے شکایت کی کہ بیرون ملک روزگار کے لیے پاسپورٹ بنوانے کے دوران بدعنوان عملہ ان سے ناروا سلوک کرتا ہے اور متعدد شکایات کے باوجود متعلقہ افسران کوئی کارروائی نہیں کر رہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ آفس کا عملہ سیاسی پشت پناہی کے باعث بے خوف ہو کر اپنے غیر قانونی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پنڈدادنخان پاسپورٹ آفس میں فرض شناس اور ایماندار عملہ تعینات کیا جائے۔ مزید یہ کہ موجودہ عملے کی بے حسی اور بدعنوانیوں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔



