پنڈدادنخان کے مین بازار میں پیشہ ور بھکاریوں کی یلغار، تاجر اور شہری پریشان

پنڈدادنخان کے مین بازار میں پیشہ ور بھکاریوں کے گروہوں نے دکانداروں اور خریداروں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ مختلف مقامات پر گروہ در گروہ موجود یہ پیشہ ور بھکاری خریداروں کو ہراساں کرتے ہوئے اور بدتمیزی کے ساتھ زبردستی پیسے طلب کرتے ہیں جس کے باعث بازار کی کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
تاجروں کے مطابق بازار میں خواتین کے پرس چوری ہونے کی وارداتیں بھی بڑھتی جا رہی ہیں جس کے باعث خصوصاً خواتین خریدار خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہی ہیں۔ عید کی آمد کے پیش نظر بازاروں میں رش میں اضافے کا امکان ہے، جس سے صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
انجمن تاجران پنڈدادنخان کے صدر چوہدری زبیر جمیل نے ڈی پی او جہلم اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مین بازار میں پولیس گشت بڑھایا جائے اور نامعلوم بھکاری گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بازار میں لیڈی پولیس کانسٹیبلز بھی تعینات کی جائیں۔
تاجروں اور شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ عید سے قبل مؤثر حکمت عملی مرتب کی جائے تاکہ بازار کا ماحول پُرامن بنایا جا سکے اور خریدار بلا خوف و خطر خریداری کر سکیں۔



