پڑی درویزہ/ سوہاوہ: حکومت پنجاب کے اعلان کردہ دو اہم محکموںSTI اور PERA میں ملازمت کے لیے درخواست دینے والے امیدواران کو شدید مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ انٹرنیٹ پر متعلقہ سرکاری ویب سائٹس گزشتہ دو دن سے غیر فعال ہیں۔ اس صورتحال نے نہ صرف بے روزگار نوجوانوں بلکہ کمپیوٹر آپریٹرز اور دیگر سائلین کو بھی پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔
ملازمت کے خواہشمند امیدواران کا کہنا ہے کہ جب وہ ان ویب سائٹس تک رسائی کی کوشش کرتے ہیں تو بار بار "خرابی سقم” (Error) یا "سروس دستیاب نہیں” کے پیغامات موصول ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ درخواستیں جمع کروانے سے قاصر ہیں۔ اس مسئلے نے لڑکے اور لڑکیوں کی ایک بڑی تعداد کو دو دن سے خوار کر رکھا ہے، جو روزانہ ان ویب سائٹس کو چیک کرنے پر مجبور ہیں۔
بے روزگار نوجوانوں نے اس حوالے سے اپنے اخباری بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز، صوبائی وزیر تعلیم اور ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (PERA) سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ویب سائٹس کی بندش کے باعث درخواست دینے کے لیے درکار وقت میں اضافہ کیا جائے تاکہ امیدوار اپنی درخواستیں جمع کرا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات حکومت کی ساکھ پر بھی منفی اثر ڈال سکتے ہیں اور بے روزگار نوجوانوں میں پائی جانے والی مایوسی میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ دونوں ویب سائٹس کو جلد از جلد فعال کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ امیدوار بلاوجہ مشکلات کا شکار نہ ہوں اور حکومتی اعلانات پر عملدرآمد ممکن ہو سکے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے اور نوجوانوں کو مزید مایوسی سے بچائے۔
