دینہ اور سوہاوہ میں عطائیت کا دھندہ دھڑلے سے جاری، محکمہ صحت کے ذمہ داران نے آنکھیں موند لیں

دینہ: جہلم کی تحصیل دینہ اورتحصیل سوہاوہ میں عطائیت کا دھندہ دھڑلے سے جاری، محکمہ صحت کے ذمہ داران نے آنکھیں موند لیں۔
بازاروں میں جنسی ادویات اور نشہ آور ادویات کے نام پر سرعام موت بانٹی جارہی ہے جس کے استعمال سے نوجوان معدہ،جگر اور گردوں سمیت کئی موذی امراض کا شکار ہو رہے ہیں۔
محکمہ صحت کے افسران کی عدم دلچسپی اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ دونوں تحصیلوں کے بازاروں اورمضافاتی علاقوں میں عطائی ڈاکٹروں نیم حکیم خود ساختہ ڈاکٹروں نے نوجوانوں کو اپنی چکنی چپڑی باتوں میں ورغلا کر سرعام جنسی اور نشہ آور ادویات ڈاکٹری نسخے کے بغیر فروخت کرنی شروع کررکھی ہیں۔
عوامی سماجی حلقوں کی بار ہا مرتبہ نشاندہی کے باوجود محکمہ صحت کے متعلقہ ذمہ داران ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔ گلی محلوں میں عطائی ڈاکٹروں نے ایم بی بی ایس وغیرہ کے بورڈ لگا کر غریب سادہ لوح عوام کو دونوں ہاتھوں سے سرعام لوٹنا اور انکی جانوں سے کھیلنا شروع کر رکھا ہے۔
سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ، چیف سیکرٹری پنجاب چوہدری زاہد اخترزمان ، سیکرٹری ہیلتھ سے مطالبہ کیاہے کہ موت کے سوداگروں کیخلاف سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں تاکہ نوجوانوں کو موذی امراض اور بے راہ روی میں مبتلا ہونے سے بچایا جا سکے۔



