ضلع جہلم میں قیامِ امن کے لیے علماء کرام کا کردار قابل تحسین ہے، ڈپٹی کمشنر میثم عباس

جہلم: ضلع جہلم میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ ضلعی انتظامیہ علماء کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرواتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے مرکزی سنی علماء کونسل کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت کونسل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ثناء اللہ تنویر نے کی، جبکہ دیگر ممبران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر صدر سنی علماء کونسل نے ڈپٹی کمشنر کو ماہ ربیع الاول میں منعقد ہونے والے مختلف مذہبی پروگراموں کی تفصیلات سے آگاہ کیا، جس پر ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے علماء اہل سنت سے جلد ایک تفصیلی ملاقات کرنے اور عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر مثالی انتظامات یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے علماء کا تعاون نہایت اہم ہے، اور ضلعی انتظامیہ ہر سطح پر تعاون کے لیے تیار ہے۔



