پنڈدادنخان: نور ویلفیئر سوسائٹی جہلم اور ایکٹیو انوالومنٹ اینڈ موٹیویشن (AIM) کے تعاون سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سکول کے طلبہ میں یونیفارم، جوتے اور سٹیشنری کٹس تقسیم کی گئیں۔
تقریب ایک نجی میرج ہال میں منعقد ہوئی جس کی مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان عائشہ شفقت تھیں۔
اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر نازیہ شہزادی، ڈی ای او میڈم عطیہ حمید، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خضر حیات، جنرل سیکرٹری نور فاؤنڈیشن فرحت کمال، AIM کے نمائندگان ملک عبید، ملک عدیل عباس، میڈم جاریہ بتول، اساتذہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
تقریب کے دوران مہمانوں نے بچوں میں سٹوڈنٹ کٹس تقسیم کیں جبکہ طلبہ اور والدین نے اس فلاحی اقدام کو بھرپور سراہا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر عائشہ شفقت نے کہا کہ تعلیم معاشرے کی ترقی کے لیے انتہائی ضروری ہے، خصوصاً بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ مستقبل میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ این جی اوز تعلیم کے فروغ اور فلاحی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے فلاحی اقدامات کے ذریعے تعلیم کے فروغ کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔
