جلد ضلع جہلم میں صفائی کا ایک مربوط اور موثر نظام قائم کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر میثم عباس

جہلم: ضلع جہلم میں صفائی اور نکاسی آب کے نظام کو جدید اور مؤثر بنانے کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے بھرپور اقدامات جاری ہیں۔

اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے "ستھرا پنجاب” مہم کے تحت اسسٹنٹ کمشنرز اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی انتظامیہ کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا، جس میں ضلع بھر میں صفائی عملے کی تعیناتی، جدید مشینری کی فراہمی اور عوامی شکایات کے بروقت حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق بڑے شہروں کی طرح جہلم میں بھی صفائی کا مربوط اور جدید نظام نافذ کرنے کے لیے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ساتھ مل کر اقدامات کیے جا رہے ہیں، صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ہر تحصیل اور ہر یونین کونسل کی سطح پر صفائی کا یکساں نظام نافذ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو ایک صاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صفائی عملے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے جدید مشینری کا استعمال اور نگرانی کے نظام کو بھی مضبوط کیا جا رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جہلم کے عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے حکومت پنجاب کے احکامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے اور جلد ہی ضلع بھر میں صفائی کا ایک مربوط اور موثر نظام قائم کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button