دینہ اور جہلم میں والدین کو تشدد کا نشانہ بنانے والے 2 ناخلف بیٹے گرفتار

دینہ اور جہلم میں والدین پر تشدد کرنے والے دو ناخلف بیٹے پولیس کے شکنجے میں آ گئے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر تھانہ دینہ اور تھانہ صدر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے پابند سلاسل کر دیا۔
دینہ پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ ایک شخص اپنے والدین کے ساتھ بدسلوکی کرتا ہے اور ان پر تشدد بھی کرتا ہے۔ اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ دینہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کی اور والدین پر تشدد کرنے والے نافرمان بیٹے کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے خلاف تھانہ دینہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
اسی طرح تھانہ صدر جہلم پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک ملزم اپنی والدہ کو تشدد اور دھمکیوں کا نشانہ بناتا ہے۔ ایس ایچ او صدر نے ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے تھانہ صدر میں مقدمہ درج کر لیا۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا ہے کہ والدین پر ہاتھ اٹھانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ قانون کی عملداری ہر حال میں یقینی بنائی جائے گی اور ایسے نافرمان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ڈی پی او نے دونوں کارروائیوں پر ایس ایچ اوز اور ان کی ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پولیس والدین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔



