پختون برادری کا پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی کا انعقاد

جہلم: پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی اور افواجِ پاکستان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جہلم کی پختون برادری نے مفتی شیر خان اور فضل حسین خان کی قیادت میں پرامن ریلی کا انعقاد کیا۔
ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم اٹھا رکھے تھے اور "افواجِ پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔
یہ ریلی مشین محلہ نمبر 3 سے شروع ہو کر اولڈ جی ٹی روڈ سے ہوتی ہوئی میجر ملک محمد اکرم شہید نشانِ حیدر کی یادگار پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں شہر کی مختلف سماجی، فلاحی، مذہبی اور کاروباری تنظیموں کے عمائدین سمیت تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔
راستے میں شہریوں کی جانب سے ریلی کے شرکاء پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، جبکہ فضا "پاکستان زندہ باد، پاک فوج پائندہ باد” کے نعروں سے گونجتی رہی۔
اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مفتی شیر خان اور فضل حسین خان نے کہا کہ پاکستانی افواج نے جس جرات اور مہارت سے دشمن کا منہ توڑ جواب دیا، اس پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ بھارت یہ سمجھ بیٹھا تھا کہ پاکستان معاشی طور پر کمزور ہے، مگر ہماری افواج نے ثابت کر دیا کہ ہم ہر لمحہ چوکنا اور اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔
مقررین کا کہنا تھا کہ بھارت کو ہماری ٹیکنالوجی اور جذبہ ایمانی کا بخوبی اندازہ ہو چکا ہے۔ اگر دشمن نے دوبارہ کوئی غلطی کی، تو پاکستان اسے ایسا منہ توڑ جواب دے گا جس کی گونج ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔



