دکانوں کے کرایوں میں ممکنہ کئی گنا اضافے پر مرکزی انجمن تاجران پنڈدادنخان کا ہنگامی اجلاس، تشویش کا اظہار

پنڈدادنخان: غلہ منڈی پنڈدادنخان میں مرکزی انجمن تاجران کا ایک ہنگامی اور اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں میونسپل کمیٹی کی دکانوں کے کرایوں میں ممکنہ طور پر کئی گنا اضافے کی تجویز پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں تاجر برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور باہمی اتحاد و اتفاق کے عزم کا اعادہ کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مرکزی انجمن تاجران پنڈدادنخان چوہدری زبیر جمیل نے کہا کہ تاجروں کے مسائل کا حل صرف باہمی مشاورت، اتحاد اور مثبت مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے تمام تاجروں سے اپیل کی کہ وہ اس نازک مرحلے پر متحد رہیں اور کسی بھی اشتعال انگیزی سے گریز کریں۔
اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ کل صبح 10:30 بجے تمام تاجر برادری استاد جلیل کی شاپ پر اکٹھی ہوگی، جہاں سے ایک باقاعدہ وفد کی صورت میں اسسٹنٹ کمشنر آفس پنڈدادنخان جا کر متعلقہ حکام سے ملاقات کی جائے گی اور دکانوں کے کرایوں میں اضافے سے متعلق تاجروں کے تحفظات پیش کیے جائیں گے۔
صدر انجمن نے واضح کیا کہ اگر تاجروں کے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا اور پرامن احتجاج سمیت نئی حکمتِ عملی ترتیب دی جائے گی۔
تاجر برادری نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے متحد رہے گی اور کسی بھی ناانصافی کے خلاف منظم اور پرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔



