جہلم پولیس عید الاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کی حفاظت اور سہولت کیلئے ہمہ وقت متحرک ہے، ڈی پی او شفیق احمد چوہدری

جہلم: ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قائم مویشی منڈی فوجی مل گراؤنڈ جی ٹی روڈ جہلم کا دورہ کیا اور وہاں سیکیورٹی و انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈی پی او جہلم نے مویشی منڈی میں سیکیورٹی انتظامات، پارکنگ، ٹریفک مینجمنٹ، داخلی و خارجی راستوں اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ڈی پی او شفیق احمد چوہدری نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ مویشی منڈی میں آنے والے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فول پروف سیکیورٹی انتظامات برقرار رکھے جائیں جبکہ ٹریفک کی روانی بہتر بنانے، پارکنگ کے مؤثر انتظامات اور شہریوں کی رہنمائی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ عوام الناس کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈی پی او جہلم کا کہنا تھا کہ جہلم پولیس عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کی حفاظت اور سہولت کیلئے ہمہ وقت متحرک ہے اور ضلع بھر کی مویشی منڈیوں پر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ شہری پرامن ماحول میں خرید و فروخت کر سکیں۔



