وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کی ٹیم علی پور میں سیلاب متاثرین کی مدد میں مصروف

دینہ: ضلع جہلم کی معروف سماجی و فلاحی تنظیم وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کی 15 رکنی ٹیم چیئرمین سلیم انور کسانہ کی قیادت میں ضلع مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور میں سیلاب متاثرین کی امدادی سرگرمیوں میں دن رات مصروف عمل ہے۔

وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کی ٹیم سیلاب سے شدید متاثرہ موضعات علی پور، لنگر واہ اور لتی ماڑی سیت پور میں متاثرہ عوام کے لیے ریلیف سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس دوران میڈیکل کیمپس، پکا ہوا کھانا، خشک راشن (چاول، آٹا، چینی، پتی، دالیں، چنے)، بستر، رضائیاں اور جانوروں کے لیے سائیلیج فراہم کیا جا رہا ہے۔

چیئرمین سلیم انور کسانہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ضلع جہلم خصوصاً دینہ کی عوام کی جانب سے نیک خواہشات اور جذبہ ہمدردی کے ساتھ متاثرہ بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن متاثرین کے لیے دسترخوان، خشک راشن، پینے کا صاف پانی اور ادویات گھر گھر پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔

Exit mobile version