1
جہلم: ریسکیو 1122 جہلم کی کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے سکاؤٹس انٹرنیشنل چیلنج 2025 میں راولپنڈی ڈویژن میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے ضلع کا نام روشن کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایمرجنسی سروسز اکیڈمی لاہور میں منعقدہ سکاؤٹس/وولنٹئرز انٹرنیشنل چیلنج 2025 میں ریسکیو 1122 جہلم کی کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے راولپنڈی ڈویژن میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ ایونٹ میں کل نویں پوزیشن حاصل کی گئی جو ضلع جہلم کے لیے ایک قابلِ فخر کامیابی ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم انجینئر سعید احمد نے جہلم ٹیم کی شاندار پرفارمنس پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی صرف ٹیم کی نہیں بلکہ پورے ضلع کی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ریسکیو 1122 جہلم اپنی خدمات کو مزید بہتر بنانے اور بین الاقوامی معیار کے مطابق عوام کی خدمت جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
ایونٹ میں ملک بھر سے کل 60 ٹیمیں شریک تھیں، جنہوں نے مختلف ایمرجنسی رسپانس، ریسکیو اور سروسز کے شعبوں میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ جہلم ٹیم کی کارکردگی نے نہ صرف ضلع کا وقار بڑھایا بلکہ نوجوانوں میں رضاکارانہ خدمات کی اہمیت اور عوام کی خدمت کے جذبے کو بھی اجاگر کیا۔
انجینئر سعید احمد نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 جہلم کے عملے اور رضاکاروں کی محنت، تربیت اور عزم کی بدولت یہ کامیابی ممکن ہوئی ہے اور یہ ٹیم مستقبل میں بھی اسی جذبے اور لگن کے ساتھ ہر ایمرجنسی کی صورتحال میں بہترین رسپانس فراہم کرے گی۔
