جہلم میں عید الفطر کی آمد، پہلے عشرے کے اختتام پر بازاروں میں عید کے اسٹالز سج گئے

جہلم شہر اور گردونواح میں رمضان المبارک کے پہلے عشرے کے اختتام کے ساتھ ہی بازاروں میں عید الفطر کی رونقیں بڑھنے لگی ہیں۔ شہر کے مختلف بازاروں اور مارکیٹوں میں عید کے خصوصی اسٹالز سج چکے ہیں جہاں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد خریداری میں مصروف نظر آ رہی ہے۔
عید الفطر کی آمد کے ساتھ ہی بچوں کے ملبوسات، جوتے، مہندی، چوڑیاں اور آرٹیفیشل جیولری کے عارضی پوائنٹس بھی قائم ہو گئے ہیں، جہاں ہر طبقے کے لوگ اپنی من پسند اشیاء کی خریداری کر رہے ہیں۔ اسٹالز پر سب سے زیادہ رش خواتین اور کم عمر بچیوں کا دیکھنے میں آ رہا ہے جو میچنگ جیولری، نت نئے فیشن کے ملبوسات اور جوتے شوق سے خریدتی دکھائی دیتی ہیں۔
اگرچہ عید الفطر میں ابھی دو ہفتوں سے زائد کا وقت باقی ہے، تاہم شہریوں نے عید کے قریب ہونے والے غیر معمولی رش سے بچنے کے لیے پہلے ہی اپنی خریداری شروع کر دی ہے۔ مارکیٹیں کھلتے ہی خریداروں کی آمد شروع ہو جاتی ہے جو رات گئے تک جاری رہتی ہے۔
دوسری جانب دکانداروں نے بھی خریداروں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے خوبصورت اور دیدہ زیب ملبوسات دکانوں کے باہر سجا رکھے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے عید قریب آ رہی ہے بازاروں میں خریداروں کا رش بڑھتا جا رہا ہے، اسی لیے وہ کوشش کر رہے ہیں کہ بروقت اپنی شاپنگ مکمل کر لی جائے تاکہ آخری دنوں کی بھیڑ سے بچا جا سکے۔



