دینہ میں تین موٹرسائیکلوں کے مابین تصادم سے تین نوجوان شدید زخمی ہو گئے، ایک نوجوان کی حالت تشویشناک ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ جہلم کی تحصیل دینہ میں منگلا روڈ پر پیش آیا، جہاں تین موٹر سائیکلوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں تین نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ لاپرواہی اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ون ون ٹو ٹو کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور زخمی نوجوانوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد رورل ہیلتھ سنٹر دینہ منتقل کر دیا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے نوجوانوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے، جسے سر پر شدید چوٹیں آئی ہیں جبکہ دو نوجوانوں کی شناخت حسن اور اشرف کے نام سے ہوئی ہے جو دینہ کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔
ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، تیز رفتاری سے گریز کریں اور حفاظتی اقدامات اختیار کریں تاکہ ایسے افسوسناک حادثات سے بچا جا سکے۔
