عید الفطر کے موقع پر جہلم سے پردیسیوں کی واپسی، ٹرانسپورٹ کرایوں میں من مانی اضافے سے شہری پریشان

جہلم: عید الفطر کی آمد کے ساتھ ہی جہلم شہر سے پردیسیوں کی آبائی علاقوں کو روانگی کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس کے باعث جنرل بس اسٹینڈ، جادہ چوک اور کینٹ اسٹاپ پر مسافروں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔

مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 20 سے 30 فیصد اضافہ کر دیا، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ٹکٹ جاری کرنے والے کاؤنٹرز پر طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں جبکہ اضافی کرایوں کی شکایات بھی عام ہیں۔

ٹرانسپورٹرز کا مؤقف ہے کہ ان کی گاڑیاں واپسی پر خالی آتی ہیں، اور سال بھر کرایے کم رکھنے کے باعث اس وقت انہیں کرایوں میں اضافہ کرنا پڑتا ہے تاکہ گاڑیوں اور عملے کے اخراجات پورے کیے جا سکیں۔ ان کے مطابق محدود گاڑیوں کے باعث رش کے پیش نظر اسپیشل گاڑیاں چلائی جا رہی ہیں اور اگر کرایوں میں اضافہ نہ کیا جائے تو اخراجات پورے کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔

مسافروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عید کے موقع پر اپنے گھروں کو جانے والے افراد کو کرایوں میں سہولت فراہم کرے۔ ٹرانسپورٹ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کے لیے ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے اور اضافی کرایہ وصول کرنے، اوورلوڈنگ یا سیٹ نہ ملنے کی شکایت پر سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔

عید کے موقع پر جہلم سے پردیسیوں کی روانگی آج مکمل ہو جائے گی، جس کے بعد جادہ چوک اور کینٹ اسٹاپ پر مسافروں کا رش کم ہو جائے گا۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ ایسے مواقع پر ٹرانسپورٹ مافیا کی من مانیوں کو روکا جائے تاکہ عوام کو سفری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button