ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او جہلم کا یومِ علیؑ کے مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ، سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے 21 رمضان المبارک یوم شہادت حضرت علیؓ کے مرکزی جلوس کے روٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ڈی ایس پی سٹی سرکل، ایس ایچ او تھانہ سول لائنز، ایس ایچ او تھانہ سٹی اور ڈی ایس او جہلم بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران افسران نے جلوس کے راستوں، امام بارگاہوں اور حساس مقامات کا معائنہ کیا جبکہ متعلقہ افسران نے جلوس کے روٹ اور سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے روٹ پر سیکیورٹی کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC) کو جلوس کے روٹ کی مکمل صفائی اور کوڑا کرکٹ ہٹانے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان کو برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے پولیس افسران کو ہدایت دی کہ فول پروف سیکیورٹی پلان پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے اور ہر آنے والے شخص کی مکمل تلاشی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جلوس کے داخلی اور خارجی راستوں پر اسکینرز کا استعمال لازمی بنایا جائے اور شرکاء کو میٹل ڈیٹیکٹر سے چیکنگ کے بعد ہی جلوس میں داخل ہونے دیا جائے۔

ڈی پی او جہلم نے مزید ہدایت کی کہ جلوس کے راستے میں بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کیے جائیں جبکہ بلدیہ، واپڈا، سوئی گیس اور پی ٹی سی ایل کے عملے سے قریبی رابطہ رکھتے ہوئے روٹ میں آنے والی تمام تنصیبات کی سویپنگ اور درستگی کو یقینی بنایا جائے۔

ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او جہلم نے امن کمیٹی کے ممبران اور منتظمینِ جلوس سے بھی ملاقات کی اور ان کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ یومِ علیؓ کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ تمام مذہبی تقریبات پرامن انداز میں منعقد ہو سکیں۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ جلوس کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ ہو۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button