جہلم میں غیرمقامی افراد کی بھرمار، چوریوں اور ڈکیتیوں میں غیر معمولی اضافہ

جہلم: تھانہ کالا گجراں کے علاقوں میں غیرمقامی افراد کی بھرمار، کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزیاں جاری، مالک مکان بغیر کرایہ داری ایکٹ کے بین الاضلاعی افراد کو گھر کرائے پر دینے لگے۔ تھانہ کالا گجراں کا علاقہ چوروں ، ڈاکوؤں ، لٹیروں کی محفوظ پناہ گاہ بن گیا، چوریوں ، ڈکیتیوں میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کے تھانہ کالا گجراں کے علاقوں جن میں کالا گجراں، کنتریلہ، کشمیر کالونی ، بالا بھٹیال،موڑا کریم بخش،چک جمال سمیت دیگر علاقوں میں غیر مقامی افراد کی بھرمار ہو چکی ہے، ہرگزرتے دن پر نئے چہرے علاقے میں بغیر کرائے داری رجسٹریشن کے گھرکرائے پر لے رہے ہیں۔
شہری تنظیموں کے عمائدین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جہلم سمیت ملک بھر میں کرایہ داری ایکٹ 2015 مکمل طور پر نافذ عمل ہوچکا ہے لیکن تھانہ کالا گجراں کے علاقوں میں کرایہ داری ایکٹ کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرایہ داری ایکٹ کے تحت مالک مکان کسی بھی کرائے دار کو مکان کرایے پر دینے کے فوراً بعد کرایے دار کے تمام کوائف متعلقہ تھانے میں درج کروانے کا پابند ہوتے ہیں ۔قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب مالک مکان اور کرایے دارکو چھ ماہ قید اور دس ہزار جرمانے کی سزا تجویز کی جاچکی ہے لیکن تھانہ کالا گجراں کے مختلف علاقوں میں قانون پر ایک فیصد بھی عمل ہوتا دکھائی نہیں دے رہا۔ سینکڑوں افراد اس وقت تھانہ کالا گجراں کے مختلف علاقوںمیں موجود ہیں جوبظاہر مختلف کاروبار سے وابسطہ ہیں۔
شہری تنظیمو ں کے عمائدین نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کو تھانہ کالا گجراں کے علاقوں میں کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزیاں کرنے پر سرچ آپریشن کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو کرایہ دای ایکٹ پر عملدرآمد کروانے کا مطالبہ کیاہے تاکہ چوری چکاری کی وارداتوں میں کمی واقع ہو سکے۔



