مرکز دارالعرفان منارہ میں اجتماعی سنت اعتکاف، امیر عبدالقدیر اعوان کی ہزاروں معتکفین کے ساتھ افطاری

مرکز دارالعرفان منارہ میں جاری اجتماعی سنت اعتکاف کے دوران امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ نے ہزاروں معتکفین کے ساتھ افطاری کی اور خصوصی دعا بھی کروائی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی فرضیت کا اصل مقصد حصولِ تقویٰ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے روزے اس لیے فرض کیے ہیں تاکہ بندے کا اپنے رب کے ساتھ مضبوط تعلق قائم ہو جائے اور اسے اللہ کی نافرمانی کرتے ہوئے حیا محسوس ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگر بندگی کی یہ کیفیت نصیب ہو جائے تو انسان کی زندگی میں مثبت تبدیلی آ جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کا پیغام یہی ہے کہ انسان اپنے اعمال کا جائزہ لے اور اللہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق زندگی گزارنے کی کوشش کرے۔

واضح رہے کہ مرکز دارالعرفان منارہ میں ہر سال کی طرح اس سال بھی اجتماعی اعتکاف کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں جن کی نگرانی امیر عبدالقدیر اعوان خود کر رہے ہیں۔ اس اعتکاف میں ملک بھر کے علاوہ بیرونِ ملک سے بھی سالکین شرکت کر رہے ہیں۔

معتکفین کے لیے سحری سے لے کر رات تک باقاعدہ نظام الاوقات ترتیب دیا گیا ہے جس میں فقہ اور درس حدیث کی کلاسز بھی شامل ہیں جبکہ روزانہ صبح گیارہ بجے حضرت شیخ المکرم خطاب فرماتے ہیں۔ اعتکاف کے دوران روحانی اسباق کے امتحانات بھی لیے جاتے ہیں اور کامیاب ہونے والوں میں اسناد بھی تقسیم کی جاتی ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button