لیو انکیشمنٹ میں کمی کا نوٹیفکیشن وعدوں کی پاسداری کرتے ہوئے واپس لیا جائے، چوہدری راشد محمود
جہلم: لیو انکیشمنٹ میں کمی کا نوٹیفکیشن وعدوں کی پاسداری کرتے ہوئے واپس لیا جائے،ایک ملک میں ایک دستور کے مطابق تمام سرکاری ملازمین کو جو برابر سکیل میں سروس کررہے ہیں۔ مساوی تنخواہیں اور الاونسز دئیے جائیں، گروپ انشورنس کی رقم ریٹائرمنٹ کے وقت واپس کی جائے، ہاؤس رینٹ نئے پے سکیل پر 60 فیصد تمام سرکاری ملازمین کو بلاتفریق ایک جیسے دیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار چوہدری راشد محمود ضلعی صدر پنجاب ٹیچریونین جہلم نے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیکل الاونس کم از کم دس ہزار روپے ماہانہ کیا جائے، صحت کارڈ کی سہولت فراہم کی جائے جس میں ڈاکٹر کی فیس چیک اپ ٹیسٹ آپریشن ودیگر سہولیات میسر ہوں، کنوینس الاؤنس روزانہ کم از کم ایک لیٹر پٹرول کے مساوی رقم فراہم کی جائے۔
چیئرمین PTU جہلم چوہدری شبیر حسین نےکہا کہ تمام کنٹریکٹ ملازمین کو بلاتفریق تقرری کی تاریخ سے ریگولر کیا جائے اور نئی بھرتیاں ریگولر کی بنیاد پر ہو، اپ گریڈیشن سے رہ جانے والے ملازمین کی پوسٹوں کو اپ گریڈ کیا جائے، ٹائم سکیل پروموشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں لفظ۔ Same Scale کی بجائے Same Post لکھ کر جاری کیا جائے تا کہ ٹائم سکیل پروموشن مل سکے۔
اس موقع پر جنرل سیکرٹری منظور نظامی کا کہنا تھا کہ کلاس فور کو بنیادی سکیل نمبر پانچ دیا جائے، پنشن گریجویٹی ودیگر مراعات میں کسی قسم کی کوئی کمی کسی صورت قبول نہیں ہوگی ان مراعات کے حصول کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
میڈیا سیکرٹری چوہدری افضال گجر کا کہنا تھا کہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے سب اپنا اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، تمام اپنے آپ کو ایک پلیٹ فارم کے نیچے متحد کریں تاکہ اپنے حقوق کی جنگ متحد ہو کر لڑ سکیں۔



