جہلم: دریائے جہلم میں منگلا ڈیم سے روزانہ کی بنیاد پر پانی کے اخراج سے دریا جہلم میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ منگلا ڈیم سے روزانہ شام چھ بجے سے صبح چھ بجے تک دریائے جہلم میں پانی کے اخراج کر دیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر جہلم محمد مبین احسن نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد کے ہمراہ سٹی پروٹیکشن بند اور دریا کے ملحقہ علاقوں پکھوال، وچلا بیلا اور ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا اور دریا کے ملحقہ علاقوں میں رہنے والے افراد کو دریا جہلم میں پانی کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا ۔
انہوں نے دریا کے ملحقہ مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر جہلم نے لوگوں کی حفاظت کے لیے احکامات دیے۔ دریا میں موجود سٹون کرشنگ پلانٹس پر موجود لوگوں کو شام پانچ بجے کے بعد دریا میں جانے سے منع کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کے دریا میں جانے، نہانے اور مال مویشی لے جانے پر پابندی ہے۔
یاد رہے کہ منگلا ڈیم سے پانی چھوڑنے کے بعد دریائےجہلم میں نچلےدرجےکی سیلابی صورت حال کا سامنا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق منگلا ڈیم سے رات کو ایک لاکھ جب کہ دن کو 70ہزار کیوسک پانی چھوڑاگیا جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہوئی، ڈیم میں پانی کا لیول 1187 فٹ ہے جب کہ ڈیڈ لیول 1242 فٹ ہے۔
