جہلم اور دینہ میں اپنی بیویوں کو تشدد کا نشانہ بنانے اور دھمکیاں دینے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ دینہ اور ان کی ٹیم نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے بیوی کو تشدد کا نشانہ بنانے اور دھمکیاں دینے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تھانہ دینہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور ملزم کو حراست میں لے لیا۔
اسی طرح ڈی پی او کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ کالا گجراں اور ان کی ٹیم نے بھی ایک کارروائی کرتے ہوئے بیوی کو تشدد اور دھمکیاں دینے والے دوسرے ملزم کو گرفتار کیا۔ تھانہ کالا گجراں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے حراست میں لیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے اس موقع پر کہا کہ شہریوں کی جان و مال اور ان کی عزت و حرمت کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور ایسے جرائم کے مرتکب عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہوں گے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ ایسے واقعات کی فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔
