دھمیال واریئرز نے پانچواں انٹر ویلج اوپن 2 سپر 7 کرکٹ ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا

سوہاوہ: پنڈ گل اندازاں میں منعقدہ پانچواں انٹر ویلج اوپن 2 سپر 7 کرکٹ ٹورنامنٹ سنسنی خیز مقابلوں کے بعد دھمیال واریئرز کے نام رہا۔ فائنل میچ میں دھمیال واریئرز نے نومی مڑھ کی مضبوط ٹیم کو ایک دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے کے بعد شکست دے کر ٹورنامنٹ کی ٹرافی اپنے نام کر لی۔

فائنل میچ میں دھمیال واریئرز کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی۔ ٹیم کی فتح میں بلے بازوں اور گیند بازوں نے یکساں کردار ادا کیا۔ لٹل ماسٹر سرفراز چھوٹو، حسنین رتیال اور حمزہ احتشام نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، جبکہ عثمان مسعود اور چھوٹا شیری نے نپی تلی بولنگ کے ذریعے حریف ٹیم کو ہدف کے تعاقب میں ناکام بنا دیا۔

ٹورنامنٹ کے دوران مسلسل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سرفراز چھوٹو نے 200 سے زائد رنز اسکور کیے اور ٹورنامنٹ کے بہترین بلے باز کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

فائنل میچ کے موقع پر علاقائی، سیاسی اور سماجی شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ حافظ ملک مدثر سلیم (ڈھانگری)، شہزاد الحق (پوٹھہ)، چوہدری شارق، آزاد مجید اور راجہ معروف عابد (بڑاگواہ) نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جن کا شاندار استقبال کیا گیا۔

تقریب کے دوران معزز مہمانوں نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کیے۔ انہوں نے بہترین ٹورنامنٹ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور فاتح ٹیم دھمیال واریئرز کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔

کامیابی کے اعلان کے فوراً بعد دھمیال واریئرز کے کھلاڑیوں اور ان کے مداحوں نے گراؤنڈ میں بھرپور جشن منایا، بھنگڑے ڈالے اور اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

اس تاریخی کامیابی پر اہلیانِ تھلہ چوہدریاں کی جانب سے بھی دھمیال واریئرز کے اونر چوہدری زین العابدین اور پوری ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کی گئی۔ انہوں نے ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دھمیال واریئرز مستقبل میں بھی اسی جذبے اور محنت کے ساتھ کامیابیاں سمیٹتی رہے گی۔

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کھیلوں کے فروغ اور نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے ایسے ٹورنامنٹس کا انعقاد آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button