دینہ/ جہلم: دینہ میں حساس اداروں اور پولیس کے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 8 افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ سرچ آپریشن دہشت گردی کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر جہلم کی تحصیل دینہ میں حساس اداروں اور جہلم پولیس نے مشترکہ طور پر کیا، جس کے دوران مختلف مقامات پر تلاشی لی گئی اور غیر قانونی طور پر مقیم 8 افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
حکام کے مطابق گرفتار افراد کے پاس کوئی شناختی کارڈ، پاسپورٹ یا دیگر قانونی دستاویزات موجود نہیں تھیں۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ افراد خیبر پختونخوا کے راستے غیر قانونی طور پر دینہ پہنچے تھے۔
تمام گرفتار افراد کو متعلقہ تھانے منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے تھریٹ الرٹ کے تناظر میں دینہ میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سرچ آپریشنز اور چیکنگ کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد مشکوک سرگرمیوں یا افراد کے بارے میں فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلاع دیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
