مرکزی علماء کونسل ضلع جہلم کا امیر تبلیغی جماعت مولانا نذیر الرحمنؒ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

جہلم: مرکزی علماء کونسل ضلع جہلم کے تمام عہدیداران اور اراکین نے امیرِ تبلیغی جماعت، استادِ حدیث اور استاد العلماء مولانا نذیر الرحمنؒ کے سانحہ ارتحال پر گہرے دکھ، رنج اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔

مرکزی علماء کونسل ضلع جہلم کی جانب سے جاری تعزیتی بیان میں کہا گیا ہے کہ مولانا نذیر الرحمنؒ کی ذاتِ گرامی دینی، علمی، تبلیغی اور ملی خدمات کے حوالے سے ایک درخشاں باب تھی۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی قرآن و سنت کی نشر و اشاعت، درس و تدریسِ حدیث اور دنیا بھر میں دعوت و تبلیغ کے کام کو فروغ دینے کے لیے وقف کر رکھی تھی۔

بیان میں کہا گیا کہ مولانا نذیر الرحمنؒ کا شمار ان جلیل القدر علماء میں ہوتا تھا جنہوں نے ہزاروں تشنگانِ علم کو اپنے علم سے فیض یاب کیا اور امتِ مسلمہ میں اتحاد، اخوت اور دینی بیداری کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔

مرکزی علماء کونسل کے مطابق ان کی رحلت سے علمی اور تبلیغی حلقے ایک مخلص، مدبر اور باوقار رہنما سے محروم ہو گئے ہیں، جبکہ ان کی علمی و دینی خدمات کا خلا طویل عرصے تک محسوس کیا جاتا رہے گا۔

مرکزی علماء کونسل ضلع جہلم کے عہدیداران اور اراکین نے سوگوار خاندان اور تبلیغی جماعت سے وابستہ تمام افراد کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی حسنات قبول فرمائے، ان کی لغزشوں سے درگزر فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور بلند درجات عطا فرمائے۔ آمین۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پسماندگان، بالخصوص مرحوم کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل اور اجرِ عظیم عطا فرمائے۔

↑
Exit mobile version