عیدالاضحیٰ پر امن و امان اور صفائی کے مثالی انتظامات یقینی بنائیں گے، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ مثالی صفائی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر میثم عباس اور ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے مشترکہ طور پر کی، جس میں امن کمیٹی کے اراکین، ضلعی افسران، علمائے کرام اور دیگر نمائندگان نے شرکت کی۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر سیکیورٹی کے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، پولیس اور سیکیورٹی ادارے چوبیس گھنٹے الرٹ رہیں گے اور کسی بھی شرپسند کو شہر کا امن خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بین المسالک ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے علمائے کرام اور امن کمیٹی کے اراکین اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔

اجلاس کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صباء سحر نے صفائی، آلائشوں کی تلفی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

امن کمیٹی کے اراکین، جن میں قاری عمر فاروق، قاری عبدالباسط، حافظ اظہر اقبال، چوہدری عارف محمود، سید باقر علی شاہ، سید حسن شاہ سمیت دیگر شامل تھے، نے ضلعی انتظامیہ کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع جہلم کے پرامن تشخص کو برقرار رکھنے کے لیے وہ ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔

اجلاس میں اراکین امن کمیٹی کی جانب سے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں، جنہیں ضلعی انتظامیہ نے سراہتے ہوئے ان پر مکمل عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی۔ آخر میں ملکی سلامتی، ترقی اور امن و امان کے قیام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

Exit mobile version