پڑی درویزہ/ سوہاوہ: نواحی علاقہ موہڑہ روشن کے رہائشی سابق کونسلر اور ممتاز سماجی شخصیت نمبردار محمد انور طویل علالت کے بعد 69 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ مرحوم گزشتہ چند روز سے ملٹری ہسپتال راولپنڈی میں زیر علاج تھے جہاں دوران علاج ہی وفات پا گئے۔
نمبردار محمد انور کا شمار علاقہ کی معروف سیاسی و سماجی شخصیات میں ہوتا تھا۔ وہ سابق ممبر ضلع کونسل/ناظم یونین کونسل سید صغیر علی بخاری اور سابق جنرل کونسلر چوہدری امتیاز احمد مرحوم کے قریبی ساتھی رہے۔ مرحوم جامع مسجد غوثیہ موہڑہ روشن کے خطیب محمد اجمل سیالوی کے ماموں بھی تھے۔
مرحوم کے پسماندگان میں بیوہ، چھ بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ ان کی نمازِ جنازہ موہڑہ روشن کے مقامی قبرستان میں ادا کی گئی جس کی امامت دارالعلوم رحمانیہ رضویہ سوہاوہ کے ناظم اعلیٰ علامہ محمد عصمت اللہ سیالوی نے کی۔
شدید گرمی کے باوجود نمازِ جنازہ کے بڑے اجتماع میں علاقہ بھر سے عوام کی کثیر تعداد کے علاوہ سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
