جہلم میں تجاوزات کا پھیلاؤ برقرار، پیرا فورس کی کارکردگی پر شہریوں کے سوالات

جہلم شہر اور گردونواح میں تجاوزات کے خاتمے اور شہریوں کو بہتر سفری و پیدل سہولیات کی فراہمی کے لیے قائم کی گئی پیرا فورس کی مبینہ غفلت، عدم توجہی اور مؤثر حکمت عملی کے فقدان کے باعث تجاوزات میں مسلسل اضافے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔

جہلم شہر کے اہم بازاروں، فٹ پاتھوں، چوک چوراہوں اور سڑکوں پر ریڑھی بانوں، عارضی ٹھیہ فروشوں اور دیگر تجاوزات نے جگہ بنا لی ہے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ پیدل چلنے والے شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

شہریوں کے مطابق بلال ٹاؤن تا چک دولت روڈ، روہتاس روڈ تا گھرمالہ روڈ، قبرستان چوک، محمدی چوک، کالا گجراں سمیت شہر کے مختلف اہم علاقوں اور سڑکوں کے کنارے تجاوزات بڑھتی جا رہی ہیں۔ متعدد مقامات پر کاروباری ٹھیے اور ریڑھیاں قائم ہونے کے باعث سڑکوں کی چوڑائی کم ہو گئی ہے اور بعض مقامات پر کشادہ سڑکیں تنگ گلیوں کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر تجاوزات کے باعث پیدل چلنے والوں کے لیے مختص جگہ بھی محدود ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے شہریوں، بالخصوص خواتین، بزرگوں اور بچوں کو آمدورفت کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ رش کے اوقات میں سڑکوں پر تجاوزات کے باعث ٹریفک کی روانی مزید متاثر ہوتی ہے اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگنا روزمرہ کا معمول بنتا جا رہا ہے۔

شہری حلقوں کے مطابق تجاوزات کے خاتمے کے لیے پیرا فورس کی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں مختلف علاقوں میں گشت کرتی دکھائی دیتی ہیں، تاہم ان کے بقول مستقل اور مؤثر کارروائی کے عملی نتائج نمایاں نہیں ہو رہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر تجاوزات کے خلاف باقاعدگی سے کارروائیاں کی جائیں اور ان کے بعد دوبارہ تجاوزات قائم ہونے سے روکنے کے لیے مؤثر نگرانی کا نظام بنایا جائے تو شہر کی سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو واگزار کرایا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب بعض دکانداروں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کا دائرہ محدود ہو کر محض مین بازار کے دکانداروں کو تنبیہ یا دباؤ تک رہ گیا ہے، جبکہ اندرون شہر کی سڑکوں، چوک چوراہوں اور دیگر اہم مقامات پر قائم مستقل نوعیت کی تجاوزات بدستور موجود ہیں۔ ان دکانداروں کے مطابق تجاوزات کے خلاف کارروائی بلاامتیاز اور یکساں بنیادوں پر ہونی چاہیے تاکہ تمام علاقوں میں یکساں طور پر قانون پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اربوں روپے کے وسائل سے قائم کیے گئے نئے محکمہ پیرا فورس سے شہریوں نے بڑی توقعات وابستہ کر رکھی تھیں۔ توقع کی جا رہی تھی کہ فورس شہر سے تجاوزات کے خاتمے، گلی محلوں میں گھروں کے باہر قائم غیر ضروری سیڑھیوں کے خاتمے، ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور نکاسی آب کے نالوں کو تجاوزات سے واگزار کرانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔

عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جہلم شہر میں تجاوزات کے مسئلے کا مستقل بنیادوں پر جائزہ لیا جائے، تمام اہم شاہراہوں، بازاروں، فٹ پاتھوں اور چوک چوراہوں سے تجاوزات ختم کرائی جائیں اور کارروائی کے بعد دوبارہ تجاوزات قائم ہونے سے روکنے کے لیے مستقل مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پیرا فورس کی کارکردگی اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے اختیار کی گئی حکمت عملی کا مؤثر جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button