جہلم: ایس ایچ او تھانہ سٹی اور ٹیم نے اہم کارروائی کرتے ہوئے دریاؤں اور ندی نالوں میں نہانے پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے تین افراد کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ممکنہ حادثات اور انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے دریاؤں، ندی نالوں اور گہرے پانی والی جگہوں پر نہانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر رکھی ہے۔
تھانہ سٹی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے 3 افراد کو گرفتار کیا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔
جہلم پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دریاؤں، ندی نالوں اور گہرے پانی والی جگہوں پر نہانے سے گریز کریں اور جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔
