نہروں کی سالانہ بھل صفائی مہم شروع، اربوں روپے کے فنڈز کے شفاف استعمال پر سوالات اٹھنے لگے

جہلم: محکمہ آبپاشی کی جانب سے نہروں کی سالانہ بھل صفائی (ڈیسلٹنگ) مہم کے آغاز کے ساتھ ہی اس مقصد کے لیے مختص کیے جانے والے اربوں روپے کے فنڈز کے شفاف استعمال پر سوالات اٹھنا شروع ہو گئے ہیں۔ عوامی حلقوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مؤثر نگرانی اور تھرڈ پارٹی آڈٹ کے فقدان کے باعث ماضی کی طرح اس سال بھی قومی خزانے کا بڑا حصہ محض کاغذی کارروائیوں کی نذر ہو سکتا ہے۔
باوثوق ذرائع کے مطابق نہروں کی سالانہ بندش کے دوران مٹی نکالنے اور پشتوں کو مضبوط بنانے کے نام پر بھاری تخمینہ جات تیار کیے جاتے ہیں۔ تاہم دیہی علاقوں اور نہروں کے آخری سرے (ٹیل) پر آباد کاشتکاروں کا مؤقف ہے کہ ہر سال کروڑوں اور اربوں روپے خرچ ہونے کے باوجود نہروں کی پانی برداشت کرنے کی گنجائش میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوتا، جبکہ فصلوں کی کاشت کے عین وقت پر انہیں پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
کسان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بھل صفائی کے ٹھیکوں کی الاٹمنٹ سے لے کر مٹی نکالنے اور کام کی تکمیل تک کے مراحل میں شفافیت کا فقدان پایا جاتا ہے۔ ان کے مطابق ماضی میں متعدد مقامات پر صفائی کا کام مکمل کیے بغیر جعلی بلوں کے ذریعے ادائیگیوں کی شکایات بھی سامنے آتی رہی ہیں، تاہم ذمہ داران کے خلاف کوئی مثالی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی۔
عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بھل صفائی کے تمام منصوبوں کی جیو ٹیگنگ (Geo-tagging) اور آزادانہ تھرڈ پارٹی آڈٹ لازمی قرار دیا جائے، تاکہ کام کی اصل صورتحال کی تصدیق ہو سکے اور قومی خزانے کو ممکنہ نقصان سے بچایا جا سکے۔
دوسری جانب محکمہ آبپاشی کے حکام ان خدشات کو مسترد کرتے ہوئے موقف اختیار کرتے ہیں کہ بھل صفائی ایک انتہائی ضروری سالانہ عمل ہے، جس کے بغیر نہری نظام کو فعال رکھنا ممکن نہیں۔ محکمانہ ذرائع کے مطابق تمام ٹھیکے قوانین کے عین مطابق شفاف طریقے سے دیے جاتے ہیں، جبکہ کام کے معیار کو جانچنے کے لیے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی جاتی ہیں۔ ان ٹیموں کی تصدیق کے بعد ہی ٹھیکیداروں کو ادائیگیاں کی جاتی ہیں۔



