جہلم شہر میں نکاسی آب اور سیوریج سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے پروجیکٹ جاری ہیں، ڈپٹی کمشنر میثم عباس

جہلم شہر میں نکاسی آب اور سیوریج سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس نے شاندار چوک میں زیر تعمیر سیوریج نالے کے کام کا دورہ کیا اور جاری منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران میونسپل کمیٹی کے افسران نے ڈی سی جہلم کو منصوبے کی موجودہ پیش رفت اور سیوریج لائن بچھانے کے مراحل سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت دی کہ نالے کی تعمیر جلد از جلد مکمل کی جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کم ہوں اور تاجروں کی شکایات کا بھی بروقت ازالہ کیا جا سکے۔
ڈی سی میثم عباس نے تعمیراتی کام میں اعلیٰ معیار کے مٹیریل کے استعمال کو یقینی بنانے کی بھی سختی سے ہدایت دی اور کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں کسی قسم کی غفلت یا ناقص میٹریل کے استعمال کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نکاسی آب کے مؤثر نظام کے بغیر شہری زندگی کو درپیش مسائل حل نہیں ہو سکتے اور ضلعی انتظامیہ اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔



