جہلم: شہری سہولیات کی بہتری اور شکایات کے فوری ازالے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، علیزہ ریحان

جہلم: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز جہلم علیزہ ریحان کی زیرِ صدارت ضلعی امور سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف انتظامی، ترقیاتی اور عوامی سہولیات سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پلس منصوبے پر پیش رفت، گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس، کھیوٹ و انتقال سے متعلق مسائل، مون سون انتظامات، معاشی سرگرمیوں کے فروغ، واسا، شہر کی خوبصورتی و تزئین اور سُتھرا پنجاب سے متعلق امور زیرِ غور آئے۔ متعلقہ افسران نے جاری سرگرمیوں، مقررہ اہداف اور انتظامی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اس موقع پر قیمتوں پر کنٹرول، کارکردگی کے اشاریوں، شہری شکایات کے ازالے کے نظام، ای بزنس اور مختلف سرکاری اقدامات پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں زیرِ التوا امور کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے اور عوام کو دستیاب سہولیات کے معیار میں مزید بہتری لانے کے لیے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز علیزہ ریحان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام جاری منصوبوں اور انتظامی اقدامات پر مؤثر پیش رفت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کھیوٹ و انتقال سے متعلق مسائل کے بروقت حل، مون سون کے مؤثر انتظامات، صفائی کے معیار میں بہتری، قیمتوں پر کنٹرول اور شہری شکایات کے فوری ازالے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔
انہوں نے شہر کی خوبصورتی و تزئین اور آگ سے بچاؤ کے حفاظتی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی سہولیات سے متعلق امور میں غفلت یا غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے اور متعلقہ محکمے اپنے مقررہ اہداف بروقت مکمل کریں۔



