نیشنل اولمپکس میں دو طلائی تمغے جیتنے والے خصوصی بچے منیب الرحمن کے اعزاز میں تقریب

جہلم: اثریہ بوائز سکول اینڈ کالج جہلم میں نیشنل اولمپکس میں دو طلائی تمغے حاصل کرنے والے خصوصی بچے منیب الرحمن، جہلم پریس کلب کی نو منتخب جنرل سیکرٹری صائمہ سحر اور پریس کلب کی ٹیم کے اعزاز میں شاندار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں کالج کے پرنسپل و سینئر صحافی محمد زاہد خورشید، اساتذہ کرام، سٹاف اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔

اس موقع پر معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ طلبہ نے خصوصی بچے منیب الرحمن کی قومی سطح پر شاندار کامیابی اور صائمہ سحر کے جہلم پریس کلب کی جنرل سیکرٹری منتخب ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔

تقریب میں جہلم پریس کلب کے وفد نے بھی شرکت کی، جس کی قیادت چیئرمین جہلم پریس کلب چوہدری عابد محمود نے کی۔ وفد میں صدر الیکٹرانک میڈیا عامر کیانی، صدر ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹس چوہدری مہربان حسین، جوائنٹ سیکرٹری چوہدری تصور، سابق جنرل سیکرٹری سید مستفیض اقبال بخاری، عبدالرحمن قادری، سلطان رضوی، چوہدری مہربان، آصف اقبال جنجوعہ، سابق جنرل سیکرٹری الیاس صادق وٹو سمیت سرائے عالمگیر سے تعلق رکھنے والے متعدد صحافی شامل تھے۔

اس موقع پر پرنسپل محمد زاہد خورشید اور کالج کے سٹاف نے منیب الرحمن کو نیشنل اولمپکس میں دو طلائی تمغے حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ مقررین نے کہا کہ خصوصی بچوں کی کامیابیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ منیب الرحمن نے اپنی محنت، عزم اور صلاحیتوں سے ثابت کیا ہے کہ خصوصی بچوں کو مناسب مواقع، تربیت اور حوصلہ افزائی فراہم کی جائے تو وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں۔

تقریب کے دوران جہلم پریس کلب کی نو منتخب جنرل سیکرٹری صائمہ سحر اور پریس کلب کی ٹیم کو بھی مبارکباد پیش کی گئی اور ان کی صحافتی خدمات کو سراہا گیا۔ شرکاء نے کہا کہ صحافت معاشرے کی مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، جبکہ جہلم کے صحافی مقامی مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ باصلاحیت افراد اور نوجوانوں کی کامیابیوں کو بھی نمایاں کر رہے ہیں۔

اس موقع پر منیب الرحمن اور صائمہ سحر کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ منیب الرحمن کی کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ خصوصی بچوں کی حوصلہ افزائی، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کے اعزاز میں پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب ایک خوشگوار اور یادگار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جبکہ شرکاء نے خصوصی بچے منیب الرحمن کی کامیابی اور جہلم پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button