الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام خان پور میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

خان پور: الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان (رجسٹرڈ) کے زیر اہتمام خان پور کے نواحی علاقے شادی گاؤں میں ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔

یہ کیمپ قاضی آصف محمود کی رہائش گاہ پر صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک جاری رہا، جس میں ماہر ڈاکٹرز، میڈیکل اسپیشلسٹس اور لیڈی ڈاکٹرز نے مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا اور انہیں مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔

اس فری میڈیکل کیمپ کا مقصد دور دراز علاقوں میں بسنے والے افراد کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا تھا، جہاں صحت کی بنیادی سہولیات دستیاب نہیں۔ مریضوں اور مقامی افراد نے اس کاوش کو بے حد سراہا اور الفلاح فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔

الفلاح فاؤنڈیشن ایک فلاحی تنظیم ہے جو ملک بھر میں بغیر کسی سیاسی یا مذہبی وابستگی کے انسانیت کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے۔ اس فاؤنڈیشن کی بنیاد معروف روحانی شخصیت امیر اکرم اعوانؒ نے رکھی تھی جبکہ اس وقت اس کی سرپرستی شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ اور سربراہ الاخوان امیر عبدالقدیر اعوان کر رہے ہیں۔

کیمپ میں علاقہ بھر کی معروف سیاسی و مذہبی شخصیات، سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے صاحبِ مجاز اور دیگر ذمہ داران نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے فاؤنڈیشن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور مستقبل میں اس مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

الفلاح فاؤنڈیشن کے ذمہ داران کا کہنا تھا کہ وہ شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ امیر عبدالقدیر اعوان کی زیر نگرانی اسی طرح کے فری میڈیکل کیمپس کا سلسلہ جاری رکھیں گے تاکہ ہر طبقۂ فکر کے لوگ صحت جیسی بنیادی سہولت سے مستفید ہو سکیں۔

Exit mobile version