پلانٹ فار پاکستان دراصل پلانٹ فار فیوچر ہے، مشیر صحت ڈاکٹر اظہر کیانی

جہلم: عالمی یوم جنگلات کے موقع پر پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت بجوالہ فاریسٹ میں خصوصی شجرکاری تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب میں مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی اور ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے دیگر سرکاری افسران، سماجی شخصیات، طلبہ اور محکمہ جنگلات کے ملازمین کے ہمراہ پودے لگا کر مہم کا باضابطہ آغاز کیا۔

میگا شجرکاری مہم کے تحت ایک ہی دن میں ضلع بھر میں 5000 سے زائد پودے لگائے گئے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر رواں سال کے دوران ضلع جہلم میں لاکھوں درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

یہ خصوصی تقریب محکمہ جنگلات جہلم کے زیر اہتمام منعقد کی گئی، جس کے مہمانِ خصوصی مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی اور ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر، اسسٹنٹ کمشنر جہلم شمس الرحمٰن، سماجی شخصیات، اسکولوں کے سربراہان اور دیگر اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔

سول سوسائٹی، طلبہ، سرکاری افسران اور محکمہ جنگلات کے ملازمین کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی اور شجرکاری کے فروغ اور ماحولیاتی تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا کہ "پلانٹ فار پاکستان دراصل پلانٹ فار فیوچر ہے، اور اس مہم کی کامیابی ملک کے بہتر مستقبل کی ضامن ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ بڑھتی ہوئی موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ضروری ہے کیونکہ یہی درخت ماحولیاتی استحکام میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ "شجرکاری مہم کو صرف پودے لگانے تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ ان کی دیکھ بھال کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ یہ درخت پروان چڑھ کر ملک کو سرسبز و شاداب بنانے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔”

ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے اپنے خطاب میں کہا کہ "ضلعی انتظامیہ سرسبز جہلم، سرسبز پاکستان کے مشن پر عمل پیرا ہے اور اس مہم کے تحت نہ صرف بجوالہ فاریسٹ بلکہ ضلع بھر کے سرکاری دفاتر، اسکولوں، کالجوں اور محکمہ جنگلات کی اراضی پر بھی لاکھوں پودے لگائے جائیں گے۔”

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پودوں کی مسلسل دیکھ بھال اور حفاظت کے لیے موثر حکمت عملی اختیار کی جائے گی تاکہ یہ درخت پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے محفوظ رکھنے میں معاون ثابت ہوں۔

تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے مہمانِ خصوصی مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی کو پلانٹ فار پاکستان مہم میں شرکت پر خصوصی شیلڈ پیش کی اور ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button